مینگلور31 / اگست (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ سولیا کے اڈکارو میں سڑک کنارے کھڑے تین مزدور اس وقت موت کا شکار ہوگئے جب ایک بے قابو کار ان پر چڑھ گئی۔
حادثہ میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کا تعلق ہاویری ضلع کے رانی بینور سے تھا ، جن کے نام چندرپّا، ایرپّا اور منتیش بتائے جاتے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ چند مزدور سولیا میں مزدوری کے سلسلے میں رات کے وقت آئے تھے اور اڈکارو میں واقع ایک عمارت کے ورانڈے میں ٹھہرے ہوئے تھے ۔ ان میں سے چار مزدور آج صبح کے وقت سڑک کنارے کھڑے تھے تو اس وقت مڈیکیری سے منگلورو کی طرف جانے والی ایک کار بے قابو ہوکر چاروں مزدور وں پر چڑٖھ گئی۔
حادثے میں چاروں مزدور شدید زخمی ہوگئے تھے، اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر تین مزدوروں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ البتہ ایک مزدور شدید زخمی ہے جس کی شناخت وینکپّا کی حیثیت سے کی گئی ہے اور اسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔